بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان فلسطینی عوام کی مکمل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا ہے، فارمیشن کمانڈرز کانفرنس

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 82 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں فلسطینیوں اور کشمیریوں کی حمایت کا اعادہ کیا گیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 82 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس می اعادہ کیا گیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی مکمل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا ہے، پاک فوج پائیدار استحکام، سلامتی کے سفر میں قوم کا دفاع اور خدمت جاری رکھےگی۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فورم نے اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی، اخلاقی حمایت جاری رکھےگا، مسئلہ کشمیر کا دائمی حل صرف یو این قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت دینے میں ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں  آرمی چیف  نے ابھرتے خطرات سے نمٹنے کیلئے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں، تربیت کے اعلیٰ معیار پر اظہار اطمینان کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے مسلح افواج کے افسران، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں فورم نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے دہشت گردوں، سہولت کاروں کے خلاف ریاست مکمل طاقت سے نمٹے گی۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ فورم  نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں پر جاری بھارتی جبرو استبداد پر اظہار تشویش کرتے ہوئے بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں فورم نے معیشت کی بحالی، اسمگلنگ،ذخیرہ اندوزی کے خلاف  اور بجلی چوری، وَن ڈاکیومنٹ رجیم کے نفاذ کیلئے حکومتی اقدمات کی مکمل حمایت کی۔

مزید پڑھیے  چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ افغانستان پہنچ گئے

اس کے علاوہ فارمیشن کمانڈرزکانفرنس میں فورم کی جانب سے غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کیلئے حکومتی اقدامات کی بھی مکمل حمایت کی گئی۔آئی ایس پی آر نے بتایاکہ  فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں فورم کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان 1967 سے قبل کی سرحدوں پر فلسطین کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں فورم کی جانب سے کہا گیا کہ چیلنجز کے باوجود گزشتہ کچھ مہینوں میں پاکستان میں اضطراب،غیر یقینی صورتحال میں کمی آئی، پاکستان میں امید،اعتماد اور استحکام میں اضافہ نظر آیا ہے ، ذاتی مقاصد کے حصول کیلئے مایوسی پیدا کرنے والے مخصوص عناصر کی کوششوں کو شکست دی جائے گی۔فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں شرکاء نے عزم کا اعادہ کیا کہ پائیدار استحکام، سلامتی کیلئے پاک فوج ہر ممکن طریقے سے قوم  کا دفاع  اور خدمت جاری رکھے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں پاکستان کے غیور عوام سے پُر عزم، متحد رہنے پر زور دیا گیا۔

Back to top button