بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

اسلام آباد ٹریفک پولیس دنیا کی بہترین ٹریفک پولیس ہے

اسلام آباد ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز کی افتتاحی تقریب

نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کو دنیا کی بہترین ٹریفک پولیس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کی عملداری میں کوئی بالا دست نہیں ہے ، جس دن معاشرے میں قانون کے سامنے وی وی آئی اور عام بندے کی تفریق ختم ہو جائے گی ہم بحیثیت معاشرہ بہت آگے جائیں گے ۔وہ پیر کو اسلام آباد ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

اسلام آباد کیپٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبر ناصرخان ،چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفراز ورگ، ایس پی ٹریفک چوہدری عابد حسین سمیت وفاقی پولیس اور ٹریفک پولیس کے حکام اس تقریب میں شریک تھے ۔ نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے ٹریفک پولیس ہیڈکورٹرز عمارت کا باقاعدہ افتتاح کیا اور ٹریفک آفس کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی شمار پاکستان کی ہی نہیں بلکہ دنیا کی بہترین ٹریفک پولیس میں ہوتا ہے ۔

بطور پارلیمنٹرین ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر میرے بھی چالان ہوئے ہیں، یہ حوصلہ افزا بات ہے ، جس دن معاشرے میں قانون کے سامنے وی وی آئی اور عام بندے کی تفریق ختم ہو جائے گی ہم بحیثیت معاشرہ بہت آگے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دھوپ، بارش ،جلسے ، جلوس ہوں یا عید کا موقع ہو ، ٹریفک پولیس آن ڈیوٹی ہوتی ہے ، یہ ہی چیز آپ کو معاشرے سے منفرد کرتی ہے ۔ اللہ تعالی نے آپ کو لوگوں کی خدمت کا موقع دیاہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس جس طرح شہریوں کی مدد کر رہی ہوتی ہے وہ دوسری فورسز کے لئے قابل تقلیدہے، اس کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ،یہ ہی ہمارے معاشرے کی اقدار ہیں۔

مزید پڑھیے  آرمی چیف کا امریکی سیکرٹری دفاع سے ٹیلی فونک رابطہ،سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال

انہوں نے کہاکہ حضورؐ نے اپنی زندگی میں حسن اخلاق پر بہت زور دیا ، ٹریفک پولیس ایک ڈسپلن فورس ہے ،روڈ پر جیسا بھی ماحول ہو ٹریفک پولیس اخلاق کا دامن ہمیشہ تھامے رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ سمیت کسی طرف سے بھی پولیس پر کوئی دبائو نہیں ہے، قانون کی عمل داری یقینی بنائی جائے ۔ نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود پولیس کے تمام مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں ۔ اسلام آباد کیپٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبر ناصرخان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس بارش ،دھوپ میں اپنے فرائض احسن طریقے سے سر انجام دے رہی ہے ۔سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ای چالان کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس میں نفری کی شدید کمی ہے صرف 600 اہلکار و افسران ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں ، اگر 2600 اہلکار و افسران اور بھرتی ہو جائیں تو اسلام آباد کی بڑھتی ہوئی آ بادی کے ٹریفک کے مسائل کم ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد بہت پیارا شہر ہے اسں کا ٹریفک کا نظام دیگر شہروں کے مقابلے میں بہت اچھا ہے سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کے وقت سی ٹی او ٹریفک سمیت پوری ٹریفک پولیس نے بہت اچھا کام کیا ہے ۔ قبل ازیں ٹریفک ہیڈکواٹر پہنچنے پر اسلام آباد کیپٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبر ناصرخان نے نگران وفاقی وزیر داخلہ کا استقبال کیا اور پولیس افسران کا تعارف کرایا ۔

مزید پڑھیے  جسٹس عامر فاروق نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
Back to top button