بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان اور ترکی کا معیشت، تجارت اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق

پاکستان اور ترکی نے معیشت، تجارت، ثقافت اور عوام سے عوام کے رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ بات نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی اور پاکستان میں ترکی کے سفیر مہمت پیکی کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات میں سامنے آئی۔

مرتضیٰ سولنگی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے ترکی میں ہونے والے حالیہ بم دھماکے کی شدید مذمت کی۔

فریقین نے میڈیا، ڈرامہ اور فلموں کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ فلم اور ڈرامہ کسی بھی ملک کے عالمی امیج کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ترکئے کے ڈرامے پاکستان میں بہت مقبول ہیں۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ہم ترکیے کے ساتھ مل کر فلمیں بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترک فلم ساز پاکستان میں فلم انڈسٹری کو دی جانے والی ٹیکس مراعات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقے قدرتی حسن سے مالا مال ہیں اور ترک فلم ساز ان خوبصورت سیاحتی علاقوں میں فلمیں بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ میڈیا کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کو مل کر اپنی ثقافت کو فروغ دینا چاہیے۔ اس تناظر میں پاک چائنہ سینٹر میں مشترکہ فلمیں بھی دکھائی جا سکتی ہیں۔

مزید پڑھیے  پاکستانی نژاد کاروباری شخصیات نے امریکہ میں کامیابیوں کی نئی بلندیوں کو چھولیا ہے ،مسعودخان

اپنے ریمارکس میں ترک سفیر نے کہا کہ ہم ترکی کی فلمیں پاکستان میں لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ملک اپنی 100ویں سالگرہ منا رہا ہے اور ہم پاکستان کے ساتھ مل کر ان تقریبات کو یادگار بنانا چاہتے ہیں۔

Back to top button