بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اجلاس، سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے تجاویز پیش

ملک کی معاشی بحالی، کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا پانچواں اجلاس اسلام آباد میں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، وفاقی کابینہ، وزرائے اعلیٰ اور اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام نے شرکت کی، اجلاس میں متعلقہ وزارتوں نے میکرواکنامک چیلنجز، گورننس سے متعلق منصوبے پیش کئے۔

اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی، اجلاس میں ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی جانب سے مختلف عملی اقدامات کی منظوری دی گئی۔

نگران وزیراعظم نے مستقبل کی حکومت کی مضبوط بنیاد رکھنے پر زور دیا، انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ وزارتیں عبوری حکومت کے پاس دستیاب وقت میں بہترین نتائج فراہم کریں۔

اجلاس میں وفاقی وزرا نے متعلقہ شعبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، مقامی وبیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹوں کے سدباب کیلئےلائحہ عمل سے آگاہ کیا گیا، اجلاس کو ریگولیشن کوموثربنانے کے جامع پلان پر بھی بریفنگ دی گئی۔

مزید پڑھیے  قواعد کی خلاف ورزی پر اسٹیٹ بینک نے 8 بینکوں کو بھاری جرمانے کردیئے

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ قلیل مدت کے باوجود معاشی بحالی کے منصوبے پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے، اقدامات کے نفاذ سے آئندہ حکومت کو ملکی معیشت کی بحالی کے پروگرام پر عملدرآمد میں آسانی ہو گی۔

Back to top button