بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

یوم دفاع وشہداء، نگران وزیراعظم شکرپڑیاں میں قومی یادگار پر آمد، پھول چڑھائے فاتحہ خوانی کی

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے یوم دفاع و شہداپر مادر وطن کے لئے جانوں کے نذرانہ پیش کرنے والے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں اور ہم ان کی قربانیوں کے مقروض ہیں۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے یوم دفا ع و شہدا کے سلسلہ میں شکر پڑیاں میں قومی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر نگران وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔بدھ کو نگران وزیراعظم نے یوم دفاع کے حوالے سے قومی یادگار شکرپڑیاں میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔

نگران وزیراعظم نے جدوجہد آزادی کے ہیروز ، مادر دفاع ، استحکام اور تحفظ کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیااوران کے درجات کی بلندی کے لئے دعابھی کی۔نگران وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور یہاں یوم دفاع وشہدا کی تقریب میں شرکت کے لئے موجود ہیں کہ ہم اپنے شہداکو بھولے نہیں ہیں۔ وہ اللہ کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں ۔شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ہم شہداکی قربانیوں اور ان کے خاندانوں کے مقروض ہیں۔اس قرض کی ادائیگی میں جو چھوٹا سانذرانہ ہم پیش کرسکتے ہیں وہ ان کی اور ان کے پیاروں کی تکریم ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہی وہ جذبہ ہے جس کا ذکر علامہ اقبال نے بھی پنے اشعار کے ذریعے کیا۔ شہادت ایک عظیم رتبہ ہے جس کا اللہ تعالی کےہاں بہت بڑا اجر ہے۔ادھرنشانِ حیدر پانے والے کیپٹن محمد سرور شہید اور میجر شبیر شہید کے مزاروں پر بھی یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی ، اس موقع پر دونوں شہدا کے مزاروں پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔لاہور میں شاعر مشرق ، مصورِ پاکستان علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔کور کمانڈر لاہور سید عامر رضا تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے انہوں نے مزارِ اقبال پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔تقریب میں دیگر اعلی فوجی افسران نے بھی شرکت کی جبکہ مزار اقبال کے اطراف میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔

مزید پڑھیے  2023ء الیکشن کا سال نہیں، رانا ثنا اللہ
Back to top button