بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

امریکی شہر بالٹی مور میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک

امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔بالٹی مور کے قائم مقام پولیس کمشنر رچرڈ وورلے نے بتایا کہ رات ساڑھے 12 بجے (بالٹی مور کے وقت کے مطابق) پولیس کو متعدد کالز موصول ہوئی تھیں جن میں فائرنگ کو رپورٹ کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ ایک اپارٹمنٹ بلاک میں پیش آیا تھا۔

بیان میں بتایا گیا کہ 30 افراد فائرنگ کی زد میں آئے تھے۔پولیس نے جائے وقوع پر ایک 18 سالہ لڑکی کو مردہ دریافت کیا تھا جبکہ ایک 20 سالہ نوجوان اسپتال منتقل کرنے کے دوران چل بسا۔مقامی پولیس نے بتایا کہ 9 زخمیوں کو امدادی ورکرز نے اسپتال منتقل کیا جن میں سے 3 کی حالت نازک ہے جبکہ دیگر 19 افراد خود چل کر اسپتالوں تک پہنچے۔

بیان کے مطابق اس علاقے میں متعدد افراد بروکلین ڈے نامی ایونٹ کے لیے اکٹھے ہوئے تھے۔ابھی تک حملہ آوروں کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہو سکا۔بالٹی مور کے میئر برینڈن اسکاٹ نے کہا کہ اس واقعے سے معلوم ہوتا ہے کہ غیر قانونی اسلحے کی روک تھام کتنی ضروری ہے۔خیال رہے کہ اس طرح کے واقعات کو امریکا میں ماس شوٹنگ قرار دیا جاتا ہے یعنی ایسا واقعہ جس میں کم از کم 4 افراد کو گولیاں لگی ہوں۔

Back to top button