بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بڑی طاقتیں دہشتگردی کیخلاف جنگ کو اپنی جغرافیائی سیاست کا شکار نہ بنائیں، بلاول بھٹو

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بڑی طاقتوں پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو متنازعہ اور اپنی جغرافیائی سیاست کا شکار نہ بنائیں۔امریکی صدر جو بائیڈن اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان ملاقات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ بیان پر آج قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس لعنت کو سنجیدگی سے لینا چاہیے کیونکہ اجتماعی کوششوں سے ہی اس لعنت کا خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ دنیا کی توجہ دہشت گردی سے یوکرائن کے تنازع پر منتقل ہو گئی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار ہے۔ اسے دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ جانی نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے عوام کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ پاکستان کے مفاد میں ہے۔

فوجی عدالتوں میں عام شہریوں کے مقدمات چلانے کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ فوجی تنصیبات اور شہداء کی یادگاروں پر حملے میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔انہوں نے کہا کہ قانون میں ایسی شقیں موجود ہیں کہ ایسی گھناؤنی کارروائیوں میں ملوث افراد کے خلاف فوجی عدالتوں میں مقدمہ چلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی رٹ قائم کرنا پارلیمنٹ، حکومت اور عدلیہ کی ذمہ داری ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں مفاہمت کرنے والے اپوزیشن ارکان کو بھی شامل کرکے ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کے لیے روڈ میپ پیش کرنا ہوگا۔

مزید پڑھیے  قومی اسمبلی میں جناح ہاؤس، جی ایچ کیو پر حملوں کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک کی خاطر کم سے کم ایجنڈے پر متفق ہونا پڑے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے بجٹ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور بحالی سے متعلق منصوبوں کو شامل کرنے پر وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں سیلاب کی تعمیر نو کو شامل کرنے سے عالمی برادری کی نظروں میں پاکستان کی ساکھ بڑھے گی کہ اسلام آباد موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اپنی کوششوں میں سنجیدہ ہے۔بعد ازاں ایوان کا اجلاس کل صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

Back to top button