بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

امریکی صدر جو بائیڈن تقریب کے دوران گر پڑے

امریکی صدر جوبائیڈن ایک تقریب کے دوران اسٹیج پر گر گئے۔رپورٹس کے مطابق صدر بائیڈن جمعرات کو کولوراڈو میں ائیر فورس اکیڈمی سے فارغ التحصیل ہونے والے کیڈٹس کو ڈگری  دیتے ہوئے اچانک ریت کے  چھوٹے سے تھیلے سے ٹکرا کر  اسٹیج پر گر پڑے۔ تاہم اسٹیج پر موجود ائیرفورس کے  اہلکاروں نے امریکی صدر کو سنبھالا اور انہیں دوبارہ کھڑا کر دیا اور پھر وہ واپس جاکر اپنی نشست پر بیٹھے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن بالکل ٹھیک ہیں، انہیں کسی قسم کی چوٹ نہیں آئی۔امریکی صدر کے تقریب کے دوران گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی کافی وائرل ہورہی ہے، صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ 80 سالہ جو بائیڈن امریکی تاریخ کے معمر ترین صدر ہیں اور صدارت سنبھالنے کے بعد وہ کئی بار لڑکھڑا چکے ہیں۔

رواں سال مارچ میں بھی امریکی صدر جو بائیڈن ائیر فورس ون طیارے کی سیڑھیوں سے اوپر جاتے ہوئے لڑکھڑا گئے تھے۔اس سے قبل 22 فروری کو یورپ کے 3 روزہ دورے کے دوران بھی اس طرح کا واقعہ پیش آیا تھا جبکہ مئی 2022 میں سینٹ اینڈریو بیس میں طیارے پر سوار ہوتے وقت جو بائیڈن پھسل کر گرنے والے تھے مگر سیڑھیوں کے ہینڈ ریل کو تھام کر وہ بچ گئے۔

یہی نہیں مارچ 2021 میں بھی صدارتی طیارے پر سوار ہونے کے دوران بھی جو بائیڈن لڑکھڑا گئے تھے اور اس بار وہ گھٹنے کے بل نیچے گرگئے۔اس کے علاوہ امریکی صدر جون 2021 میں سائیکل سے بھی گر پڑے تھے۔امریکی صدر کے اس طرح کے حادثات پر ری پبلکن جماعت کی جانب سے کافی مذاق اڑایا جاتا ہے۔ری پبلکن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ صدر جو بائیڈن جسمانی یا ذہنی طور پر صدارتی فرائض سنبھالنے کے لیے فٹ نہیں ہیں۔

Back to top button