واٹس ایپ استعمال کرنے والوں کیلئے خوشخبری
دنیا کی سب سے بڑی انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کے حوالے سے گزشتہ سال سے خبریں تھیں کہ اس میں میسیجز کو ایڈٹ کرنے کا فیچر پیش کیا جا رہا ہے۔تاہم اب واٹس ایپ انتطامیہ نے بھی اس کی تصدیق کردی کہ جلد ہی ایپلی کیشن پر صارفین کو ایڈٹ آپشن دستیاب ہوگا۔واٹس ایپ کی جانب سے اپنی ایک ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ ماہرین ایڈٹ فیچر پر کام کرنے میں مصروف ہیں اور اسے جلد پیش کردیا جائے گا۔
واٹس ایپ نے ایڈٹ فیچر کی مختصر ویڈیو کو شیئر کیا، جس میں میسیجز کو ایڈٹ کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ایپلی کیشن کی جانب سے ٹوئٹ کے کیپشن میں کچھ نہیں لکھا گیا، تاہم اس سے عندیہ ملتا ہے کہ جلد ہی واٹس ایپ صارفین ایڈٹ فیچر استعمال کر سکیں گے۔
اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں خبر سامنے آئی تھی کہ واٹس ایپ نے دنیا بھر کے محدود صارفین کو آزمائش کے لیے ایڈٹ فیچر تک رسائی دے دی۔واٹس ایپ پر ایڈٹ فیچر کو متعارف کرائے جانے کی خبریں سب سے پہلے جون 2022 میں سامنے آئی تھیں۔
ایک سال گزر جانے کے باوجود واٹس ایپ پر ایڈٹ فیچر کو متعارف نہیں کرایا جا سکا، البتہ دنیا کے لاکھوں صارفین کو اس کے آزمائشی پروگرام تک رسائی دے دی گئی ہے۔اب واٹس ایپ کی جانب سے ایڈٹ فیچر کی تصدیق کیے جانے کے بعد خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ فیچر کو جلد ہی ایپلی کیشن پر پیش کردیا جائے گا۔واٹس ایپ گزشتہ کچھ عرصے تواتر سے ایپلی کیشن پر نئے فیچر پیش کر رہا ہے، علاوہ ازیں پلیٹ فارم پر متعدد نئے فیچرز بھی پیش کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔