بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

427 پاکستانی بحفاظت پورٹ سوڈان پہنچ گئے

جنگ زدہ ملک سوڈان سے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کا پلان کامیاب ہو گیا۔72 گھنٹے سے جاری خصوصی ہنگامی پلان کی نگرانی وزیراعظم شہباز شریف خود کر رہے تھے، 427 پاکستانی بحفاظت پورٹ سوڈان پہنچ گئے جہاں سے وہ پاکستان پہنچیں گے، 427 پاکستانیوں کی رہائش، خوراک کا انتظام بھی حکومت پاکستان نے کیا ہے، پاکستانیوں کی واپسی کیلئے دوست ممالک اور خطے میں پاکستانی سفارت خانے بھی مدد کر رہے ہیں۔وزیر اعظم نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، حنا ربانی کھر، وزارت خارجہ کے حکام، سوڈان میں سفیر کو پاکستانیوں کی واپسی کا پلان کامیاب بنانے پر شاباش دی، شہباز شریف نے عسکری حکام اور تمام متعلقہ ذمہ داران کی انخلاء کی جامع حکمت عملی پر عملدرآمد کی تعریف کی، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو بھی خراج تحسین پیش کیا،

سوڈان میں جنگ کی وجہ سے پاکستانیوں کے انخلاء میں مشکلات اور خطرات کا سامنا تھا، حکومت نے پاکستانیوں کے انخلاء کیلئے محفوظ راستوں کا تعین کیا، پاکستانیوں کو چھوٹے چھوٹے گروہوں کی شکل میں خرطوم سے محفوظ مقامات پر پہنچایا جا رہا ہے، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر نے پاکستانیوں کے انخلاء میں خصوصی معاونت کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے انخلاء میں مدد پر سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کی قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا، سوڈان میں محصور پاکستانیوں کی سلامتی اور تحفظ سے متلعق اقدامات کی مسلسل نگرانی جاری تھی، پاکستانی سفارت خانہ بھی محصور پاکستانیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، سوڈان میں ہیلپ لائن قائم ہے جس پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

مزید پڑھیے  اسلام آباد دھماکا، وزیراعظم، آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی مذمت
Back to top button