بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

پاکستان میں اقلیتیں بھارت سے زیادہ پرسکون ماحول میں ہیں۔ ڈاکٹرمہیش کمار ملانی

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وزیرمملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر مہیش کمار ملانی کے اعزاز میں ایک انٹرفیتھ افطار ڈنر کا اہتمام کیاجس میں ہندو اور کرسچن کمیونٹی کے نمائندگان سمیت تاجر برادری نے بھرپور شرکت کی۔چمن لال، پریتم داس، اشوک کمار، راجیش کمار، اوم پراکاش، جادیش کمار، لال چند، لالت کمار، دلیپ کمار، راجہ جاوراج، بیشم کمار، لاج پت، رامیش کمار اور دیگر تقریب میں موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے کہا کہ درآمدات پر پابندیوں اور ایل سی کے مسائل کی وجہ سے تاجر برادری کو جو مشکلات درپیش ہیں حکومت کو ان کا ادراک ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات مثبت طور پر آگے بڑھ رہے ہیں اور یقین دہانی کرائی کہ جلد ہی تاجر برادری کے ایل سی کے مسائل حل ہو جائیں گے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ عید کے بعد چیمبر کے تعاون سے فارماسوٹیکلز شعبے کے نمائندگان کی ایک میٹنگ ڈرگ ریگولیٹری اتھاری کے حکام کے ساتھ کرائیں گے تا کہ فارما شعبے کے مسائل کو حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا کی نسبت پاکستان میں ہندو کمیونٹی سمیت دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کے حقوق کا بہتر تحفظ کیا جاتا ہے اور ان کو پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر مسلم افراد کو کبھی کسی محرومی کا احساس نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے انٹرفیتھ افطار ڈنر کا اہتمام کرنے پر چیمبر کا شکریہ اودا کیا اور کہا کہ وہ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے تا کہ قومی یک جہتی کو مضبوط کر کے پاکستان کو پائیدارترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تاجر برادری کے اہم مسائل حل کرانے کیلئے چیمبر کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے نیشنل ہیتھ سروسز ڈاکٹر مہیش کمار ملانی کوتاجر برادی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے تعاون کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ ایل سی نہ کھلنے کی وجہ سے بہت سی صنعتیں بند ہونے کا خطرہ ہے اور کاروباری سرگرمیاں بہت متاثر ہو رہی ہیں لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس مسئلے کو جلد حل کرنے پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ فارسوٹیکل شعبے کو بھی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سے بعض مسائل کا سامنا ہے لہذا ان کو حل کرانے میں تعاون کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر انٹرفیتھ ہم آہنگی کو فروغ دینے کی سرگرمیوں کا مرکز ہے کیونکہ چیمبر میں ہر سال کرسچن کمیونٹی کے ساتھ کرسمس کی تقریب منعقد کی جاتی ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کو مزید بہتر کرنے کیلئے چیمبر میں ہندو کمیونٹی کی مذہبی تقریبات کو بھی منعقد کیا جائے گا کیونکہ پاکستان میں صبر وبرداشت کا کلچر فروغ دینے اور قومی یکجہتی مضبوط کرنے کیلئے اس طرح کی تقریبات موثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے اپنے خطاب میں انٹرفیتھ ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے وزیرمملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز مہیش کمار ملانی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور یقین دہائی کرائی کہ چیمبر ان کوششوں میں ان کے ہاتھ مزید مضبوط کرے گا۔
چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے چیمبر کا دورہ کرنے اور انٹرفیتھ افطار ڈنر میں شرکت کرنے پر ڈاکٹر مہیش کمار ملانی کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہا رکیا کہ وہ تاجر برادری کے مسائل حل کرانے میں بھی چیمبر کی ہرممکن مدد کریں گے۔
یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے انٹرفیتھ ہم آہنگی کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

مزید پڑھیے  پاک چین دوستی کے ستر سال مکمل، اسٹیٹ بنک آج 70 روپے کا یاد گاری سکہ جاری کریگا
Back to top button