بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

کیا نجم سیٹھی صرف بابراعظم کو کپتانی سے ہٹانے کا مینڈیٹ لیکر آئے ہیں؟

پاکستان کرکٹ بورڈ کی یہ تاریخ رہی ہے کہ جب بھی کوئی بڑی سیریز یا میگا ایونٹ شروع ہونے والا ہوتا ہے تو اس کی جانب سے خواہ مخواہ کے تنازعات کو جنم دیدیا جاتا ہے اور پھر ٹیم انہی تنازعات کے سائے میں میدان میں اترتی ہے اور اس کی کارکردگی بری طرح متاثر ہوتی ہے، جب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی باگ ڈور عبوری کمیٹی نے سنبھالی ہے ان کے ذہن میں صرف اور صرف بابر اعظم کی کپتانی پھنس کر رہ گئی ہے اور تواتر کے ساتھ اس کے حوالے سے کچھ ایسی باتیں کی جا رہی ہیں جس سے بابراعظم بلاشبہ دبائو کا شکار ہونگے، ان کے دبائو میں جانے کا مطلب ہے ٹیم ساری ہی دبائو کا شکار رہے گی، حال ہی میں افغانستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل بابر اعظم سمیت کچھ سینئر کھلاڑیوں کو آرام کا موقع دیا گیا ٹیم کی قیادت شاداب خان کو دی گئی اور سب نے دیکھا کہ افغانستان جیسی ٹیم کے ہاتھوں پاکستان کی ٹیم کی کیا درگت بنی، یہاں یہ بھی کہنے کا مطلب نہیں ہے کہ بابر اعظم ہی کپتانی کیلئے حرف آخر ہیں یہاں بڑے بڑے کپتان آئے گئے اور دوسرا جو کھلاڑی بلاضرورت یہ ٹرینڈ چلا رہے ہیں کہ ”بابر ہماری ریڈ لائن ہے” وہ بابر اعظم کے ساتھ بھلا نہیں کر رہے ہیں، اس ملک میں ہر کسی نے کوئی نہ کوئی ریڈ لائن لگا رکھی ہے نجانے پاکستان بھی کسی کی ریڈ لائن ہے یا نہیں؟ بہرحال ابھی حال ہی میں نجم سیٹھی نے تازہ تازہ انٹرویو دیا ہے جس میں موصوف فرماتے ہیں کہ اگر بابر اعظم کی کارکردگی اچھی رہی تو وہ کپتان برقرار رہے گا اور پھر ساتھ ہی یہ کہتے ہیں کہ بابر اعظم کو کہہ دیا ہے کہ وہ عالمی کپ تک کپتان ہے ، ان دونوں باتوں میں نجم سیٹھی کی دھمکی واضح دکھائی دے رہی ہے اور وہ دھمکی یہ ہے کہ تمہیں ہٹانا ہے تو ہے ذرا کارکردگی تو بری دکھائو، ایک بات ابھی تک سمجھ نہیں آئی رمیز راجہ کو ہٹا کر نجم سیٹھی کی قیادت میں جو نااہل لوگوں کی فوج بھرتی کرکے اسے عبوری کمیٹی کا نام دیا گیا ہے کیا اس کے پاس یہ مینڈنٹ ہے کہ وہ یہ سارے فیصلے کرے؟، کیا اس عبوری کمیٹی کو صرف اور صرف کپتان بابر اعظم کو دبائو کا شکار کرنے کیلئے تعینات کیا گیا ہے؟ کیا اس عبوری کمیٹی کا جو اصل کام تھا وہ یہ کر رہی ہے؟ یقیناً ان تینوں سوالوں کا جواب عبوری کمیٹی کے پاس نہیں ہوگا۔ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ کپتان کی تعیناتی ان کا مینڈیٹ ہے، کیا کوئی مینڈیٹ ہونے کا یہ مطلب ہوتا ہے کہ اسے ضرور استعمال کرنا ہے، کرکٹ بورڈ نے ایک بڑی غلطی یہ کی تھی کہ افغانستان کیخلاف کمزور ٹیم شارجہ بھیجی جس کی وجہ سے افغانستان ہم سے پہلی بار سیریز جیتنے میں کامیاب ہو گیا، اگر پاکستان کی مکمل ٹیم میدان میں ہوتی تو کیا مجال تھی کہ افغانستان کی ٹیم ایک میچ بھی جیت پاتی، کسی بھی کپتان نے ساری زندگی ٹیم کے ساتھ چمٹا نہیں رہنا ہوتا، وقت اور حالات کے ساتھ ساتھ سب چلتا ہے، کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی جنہیں کرکٹ کی الف ب بھی نہیں پتا اور جو صرف اور صرف سیاسی بنیادوں پر کرکٹ بورڈ کے سربراہ بن کر بیٹھ گئے ہیں کی اب تک کی کارکردگی صفر ہے، سوال تو یہ نہیں بنتا کہ بابر اعظم کو ٹیم کا کپتان ہونا چاہئے یا نہیں، سوال یہ بنتا ہے کہ کیا نجم سیٹھی کو اب مزید کرکٹ بورڈ کا چیئرمین رہنا چاہئے یا نہیں؟

مزید پڑھیے  عالمی شہرت یافتہ ریسلر محمد حسین اینوکی انتقال کر گئے
Back to top button