بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

باہمی تجارت کو بہتر کرنے کیلئے پاکستان اور ایتھوپیا ترجیحی تجارت کا معاہدہ کریں۔ احسن بختاوری

 پاکستان میں تعینات ایتھوپیا کے سفیرجمال بیکر عبداللہ نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایتھوپیا کے ترکی اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعلقات ہیں اور ان کا ملک اب پاکستان کے ساتھ بھی ایسے ہی مضبوط تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین اور بھارت نے ایتھوپیا میں سریایہ کاری کی ہوئی ہے لہذا پاکستان بھی افریقہ کے ساتھ تجارت و برآمدات کو بہتر فروغ دینے کیلئے ایتھوپیا میں کاروبار اورسرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل اور سیمنٹ سمیت متعدد مصنوعات کی ایتھوپیا میں کافی مانگ پائی جاتی ہے لہذا پاکستان کی بزنس کمیونٹی کاروبار کے ان مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے۔
جمال بیکر عبد اللہ نے کہا کہ مارچ میں پاکستان کے ایک تجارتی وفد نے ایتھوپیا کا کامیاب تاریخی دورہ کیا جس کو ہجرہ تجارت کہا جا سکتا ہے کیونکہ مکہ کے مسلمانوں کی پہلی ہجرت ایتھوپیا کی طرف ہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی وفد کے ایتھوپیا کے دورے کے بعد انہیں صومالیہ، جبوتی اور کینیا سمیت کئی افریقی ممالک سے فون کالیں موصول ہیں جنہوں نے پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ افریقہ بے شمار قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لہذا ایتھوپیا کے ساتھ قریبی تعاون قائم کر کے پاکستان کیلئے افریقہ کے ساتھ تجارت و برآمدات کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کا ایک اعلیٰ سطحی وفد چند ماہ میں پاکستان کا دورہ کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا ترجیحی تجارت کا معاہدہ کرنے کی کوشش کریں جس سے تجارتی رکاوٹیں دور ہوں گی اور دونوں ممالک کی دو طرفہ تجارت میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سفیر پی ٹی اے کا معاملہ پاکستانی حکام کے ساتھ اٹھائیں اور یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی ان کوششوں میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کے ایک وفد نے 5 سے 11 مارچ 2023 ایتھوپیا کے شہر ادیس ابابا کا انتہائی کامیاب تاریخی دورہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پراسلام آباد چیمبر آف کامرس کے وفد کا پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی کرنے پر سفیر اور ایتھوپیا کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ افریقہ پاکستان کے لیے بہت اہم خطہ ہے اور پاکستان کا نجی شعبہ کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے افریقی مارکیٹ تک بہتر رسائی حاصل کرنے کے لیے ایتھوپیا کے نجی شعبہ کے ساتھ مضبوط کاروباری روابط کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
چیمبر کے نائب صدر انجینئر محمد اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا باہمی کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں اور امید ظاہر کی کہ ایتھوپیا کے وفد کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔
خالد اقبال ملک گروپ لیڈر، ظفر بختاوری، شیخ اعجاز، ہمایوں کبیر، محمد شبیر، اختر حسین اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و ایتھوپیا کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے مفید تجاویز دیں۔

مزید پڑھیے  انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں استحکام، اوپن مارکیٹ میں اضافہ
Back to top button