بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج 4 بجے ہوگا

ایک ہفتے کے دوران پارلیمنٹ کا دوسرا مشترکہ اجلاس آج (پیر کی) شام 4 بجے ہوگا، جس کے ایجنڈے میں اہم قومی امور شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق تاہم مشترکہ اجلاس کے باوجود سینیٹ بھی آج اپنا اجلاس دوبارہ شروع کرے گا، جس کے بارے میں آئینی ماہرین کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی ایسا ہو چکا ہے۔

اتوار کو چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایوانِ بالا کے پیر کے اجلاس کا وقت شام 4 بجے سے بدل کر دوپہر 12 بجے کر دیا۔اس حوالے سے ایک سرکاری اعلان میں کہا گیا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی وجہ سے وقت پر نظر ثانی کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ بدھ کو ہونے والے مشترکہ اجلاس میں 6 نکات پر بات چیت ہوئی تھی لیکن حکمران اتحاد سے تعلق رکھنے والے مختلف سیاستدانوں کی جانب سے دہشت گردی کے معاملے پر بحث کے مطالبے کے باوجود اس مسئلے کا کوئی ذکر نہیں ہوا تھا۔

اس دن مشترکہ اجلاس نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) ایکٹ 2022 کو ترمیم کے ساتھ منظور کیا۔مذکورہ قانون کا بل تقریباً ایک ماہ قبل قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور کیا گیا تھا، جس میں اسلام آباد کے میئر اور ڈپٹی میئر کے براہ راست انتخابات کا اختیار دیا گیا تھا۔

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر رانا مقبول احمد خان کی جانب سے پیش کی گئی ترمیم کو منظور کرتے ہوئے بدھ کے مشترکہ اجلاس میں اسلام آباد کے میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر کے بالواسطہ انتخابات میں واپس آنے سے پہلے منظور شدہ بل کی شق 3 کو خارج کر دیا گیا۔

Back to top button