بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پی ایس ایل 8 آج شروع ہو گی، انعامی رقم کا بھی اعلان کردیا گیا

پاکستان سپر لیگ کا آٹھواں ایڈیشن آج سے شروع ہوگا، افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کا مقابلہ ہوگا، میچ سے پہلے ملتان اسٹیڈیم میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب بھی منعقد ہو گی۔پاکستان میں کرکٹ کے سب سے بڑے میلے پی ایس ایل 8 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والے پرفارمرز نے فل ڈریس ریہرسل کرلی ، تقریب کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی  جبکہ پی ایس ایل 8 کا نغمہ گانے والے گلوکاروں کے علاوہ آ ئمہ بیگ اور ساحر علی بگا بھی تقریب میں آواز کا جادو جگائیں گے۔ 

پی سی بی کے مطابق ملتان اسٹیڈیم کے گیٹ دوپہر دو بجے کھول دیے جائیں گے،اپنی نوعیت کی پہلی اور منفرد افتتاحی تقریب شام 6 بجے شروع ہو گی جبکہ میچ رات 8 بجے شروع ہوگا۔ 

لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ دفاعی چیمپئن ہونے کے ناطے وہ بہت پرجوش ہیں ، ایونٹ میں اچھی شروعات کریں گے ، کوشش ہو گی ملتان سلطانز کے ٹاپ آرڈر کو جلد آؤٹ کریں۔دوسری جانب ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی اور حارث ٹاپ کلاس بولرز ہیں ان کے خلاف حکمت عملی بنا کر دلیری سے کھیلنا ہوگا۔

پی ایس ایل جیتنے والی ٹیم کو  24 قیراط سونے سے بنی ٹرافی کے ساتھ 12 کروڑ روپے کی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔فائنل ہارنے والی ٹیم 4 کروڑ 80 لاکھ کی رقم گھر لے کر جائے گی۔واضح رہے کہ پی ایس ایل کے گزشتہ سیزن میں فاتح ٹیم کو 8 کروڑ جبکہ رنر اپ کو 3 کروڑ 20 لاکھ روپے ملے تھے۔

Back to top button