بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عمران خان پر حملے کے خلاف راولپنڈی میں احتجاج تیسرے روزبھی جاری رہا

سڑکیں اور راستے بند ہونے کے باعث ٹریفک کا نظام شدید متاثر،شہریوں کومشکلات

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر حملے کے خلاف راولپنڈی میں احتجاج تیسرے روز بھی جاری رہا جس میں کارکنوں نے کئی راستے بند کر دیئے، شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان پر قاتلانہ حملے کے کے خلاف اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی مری روڈ سمیت مختلف مقامات پر پی ٹی آئی کارکنان  نے تیسرے روز بھی احتجاج کیا۔ مختلف مقامات پر جاری مظاہروں کی وجہ سے مری روڈ، پیرودھائی موڑ، گلزار قائد اولڈ ایئرپورٹ روڈ ،سرائے کال چوک ٹیکسلا ،رتہ شاہ چوک مارگلہ، موٹر وے ایم ٹو، اسلام آباد لاہور ٹول پلازہ کے قریب سے بند کئے گئے۔

مظاہرین نے سواں پل  ایس او ایس ویلج کے قریب بھی راولپنڈی  کی جانب والے راستے کو بند  کئے رکھا جبکہ ٹریفک کو سڑک کے ایک جانب سے گزارا گیا۔

سڑکیں اور راستے بند ہونے کے باعث مری میں ٹریفک کا نظام تیسرے روز بھی شدید متاثر ہوا۔ یوم اقبال کی عام تعطیل کے باعث تعلیمی ادارے اور سرکاری و نجی دفاتر بند رہے تاہم روز مرہ کے معمولات زندگی کے لئے جڑواں شہروں میں آمد رفت کے لئے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

Back to top button