بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ضمنی انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری، پاکستان تحریک انصاف کو برتری

سندھ، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے مطابق مجموعی طور پر تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے۔

صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہی۔ قومی اسمبلی کی مردان،چارسدہ، پشاور، فیصل آباد کی نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے، ننکانہ، ملتان اور کراچی میں ملیر، کورنگی کی نشستوں پر بھی ووٹنگ ہوئی۔

قومی اسمبلی کی نشستیں پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کے بعد خالی ہوئی تھیں، پنجاب اسمبلی کی نشستوں میں پی پی139شیخوپورہ پر ووٹنگ ہوئی۔ پی پی209 خانیوال، پی پی241 بہاولنگر میں بھی ووٹ ڈالے گئے۔

این اے 22 مردان کے 330  تمام پولنگ اسٹیشن کا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ آگیا، جس کے مطابق عمران خان نے جے یو آئی کے امیدوار کو 8500 ووٹوں سے ہرادیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان 76681 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ جمعیت علما اسلام کے محمد قاسم نے 68181 ووٹ حاصل کیے۔

این اے 24 چارسدہ 2 کے 384 میں سے 351 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان 71712 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان نے 62675 ووٹ حاصل کیے۔

این اے 31 پشاور کے  تمام 265 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ آگیا،  عمران خان نے غلام احمد بلورکو 25 ہزارووٹوں سے ہرا دیا۔

 تحریک انصاف کے عمران خان 57 ہزار 824 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

اے این پی کے غلام احمد بلور 32 ہزار 817 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے 108 کے 354 پولنگ اسٹیشنز میں سے 150کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ سامنے آگیا، جس کے مطابق پی ٹی آئی کے عمران خان 38467 ووٹ لے کر آگے، جبکہ ن لیگ کے عابد شیر علی 27631 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

این اے 118 ننکانہ صاحب کے 29 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ سامنے آگیا، جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان 8551 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کی شذرہ منصب علی نے 7065 ووٹ حاصل کیے۔

این اے 157 ملتان کے  تمام 264 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ سامنے آگیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سید علی موسیٰ گیلانی 79743 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔

پاکستان تحریک انصاف کی مہر بانو قریشی نے 59993 ووٹ حاصل کیے۔

این اے 237 کراچی ملیر کے  194 میں سے 183 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری غیرحتمی نتیجہ سامنے آگیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ  30493 ووٹ لے کر آگے جبکہ عمران خان 21335 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

این اے 239 کراچی، کورنگی کے 330  میں سے 41 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ سامنے آگیا۔

جس کے مطابق پی ٹی آئی کے عمران خان 5554 ووٹ لے کر پہلے نمبر جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کے سید نیئر رضا 1064 ووٹ لے کردوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

پی پی 139 شیخوپورہ کے 151میں سے 102 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق  پاکستان مسلم لیگ ن کے چوہدری افتخار احمد بھنگو 25510 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے محمد ابوبکر 23388 ووٹ حاصل کرنے کے بعد دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

پی پی 209 خانیوال کے ضمنی انتخاب میں 176 میں سے 30 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ سامنے آگیا، جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے محمد فیصل خان نیازی 10116 ووٹ لے کر آگے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے چوہدری ضیاء الرحمان 8249 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

 

 

Back to top button