وزیراعلیٰ نے ہسپتالوں میں ایمرجنسی مینجمنٹ ماڈل اپنانے کی منظوری دے دی
وزیرآباد میں 400بیڈز کا نیا ہسپتال بھی بنائینگے، انتھیسیالوجسٹ کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری دی ہے ۔پرویز الٰہی
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ہسپتالوں میں ایمرجنسی مینجمنٹ ماڈل اپنانے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پنجاب کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی کو مکمل طورپرالگ شعبہ قراردینے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز میں ڈسپوزیبل بیڈ شیٹ کے استعمال کی اصولی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ایمرجنسی ڈیوٹی ڈاکٹرز کوخصوصی الاؤنس دینے کے فیصلے کی توثیق کردی۔ اجلاس میں پنجاب میں انتھیسیالوجسٹ کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں اور وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے نئے بورڈ آف گو رنر کی اصولی منظوری بھی دے دی گئی۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی ڈیوٹی سرانجام دینے والے ڈاکٹرز اورسٹاف کو خصوصی مراعات دیں گے۔
وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ڈاکٹرز کو آمدورفت اوررہائش کی سہولتیں دیں گے۔ وزیرآبادکارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کیلئے پی آئی سی کے ڈاکٹرزکی خدمات مستعارلی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے کہا کہ وزیرآباد میں 400بیڈز کا نیا ہسپتال بھی بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وزیرآباد کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کو 125سے 200بیڈ توسیع دینے کیلئے کام کا آغاز کردیاہے۔ انسٹی ٹیوٹ میں 16پی جی آر کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، سلمان غنی، جی ایم سکندر، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمدخان بھٹی، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، سیکرٹری ہیلتھ،سیکرٹری خزانہ، ڈی جی ریسکیو1122 ڈاکٹر رضوان نصیر، وزیر آباد کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کے ہیڈ نے اجلاس میں شرکت کی۔