بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

محمد عامر کا ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کیلئے گلوسٹرشائر سے معاہدہ

فاسٹ بولر محمد عامر نے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کیلئے انگلش کاؤنٹی گلو سسٹر شائر سے معاہدہ سائن کرلیا ہے۔گلوسسٹرشائر کاؤنٹی کے اعلامیے کے مطابق پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے بقیہ میچز کیلئے کاؤنٹی کو دستیاب ہوں گے۔

 محمد عامر کو نسیم شاہ کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، نسیم شاہ اس سے قبل کاؤنٹی ٹیم کا حصہ تھے، وہ فیملی مصروفیات کی وجہ سے پاکستان آئے جس کے بعد انہیں قومی کیمپ میں طلب کرلیا گیا تھا جس کی وجہ سے وہ دوبارہ اپنی ٹیم کو جوائن نہیں کرسکتے تھے۔ 

محمد عامر اس سے قبل فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی گلوسسٹر شائر کی جانب سے نسیم شاہ کے متبادل کے طور پر کھیل چکے ہیں۔

 اس سے قبل کاؤنٹی چیمپئن شپ میں نسیم شاہ کی انجری کے بعد محمد عامر کو تین میچز کیلئے سائن کیا گیا تھا۔ 

محمد عامر تین سال بعد ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں ایکشن میں ہوں گے، آخری مرتبہ انہوں نے 2019 میں کاؤنٹی ٹیم ایسیکس کی نمائندگی کی تھی۔

30 سالہ محمد عامرنے  پاکستان کی جانب سے 36ٹیسٹ، 61 ایک روزہ میچز اور 50 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں۔

 ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں وہ آخری مرتبہ دسمبر 2021 میں سری لنکا پریمیئر لیگ کے دوران ایکشن میں تھے، انجری کی وجہ وہ اس سال پاکستان سپر لیگ میں بھی شرکت سے محروم رہے تھے۔

گلوسسٹر شائر کے پرفارمنس ڈائریکٹر اسٹیو اسنیل کا کہنا ہے کہ محمد عامر کو ٹیم میں ایک بار پھر خوش آمدید کہتے ہیں، امید ہے کہ ان کا تجربہ ٹیم کیلئے بقیہ میچز میں کافی مفید ثابت ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر نے ریڈ بال کرکٹ کے دوران کاؤنٹی کے ساتھ وقت گزارا تھا اور انہیں اس ٹیم کے ماحول کا بخوبی اندازہ ہے۔

Back to top button