بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عدم اطمینان عمران خان کے لیے تحریک اطمینان بنے گی،شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہےکہ شکر ہے اپوزیشن اب خود کہہ رہی ہے امپائر نیوٹرل ہے، انہوں نے جب ہارنا ہے تو اس پر قائم رہنا ہے کہیں تھرڈ امپائر کا نیا کھاتا نہ کھول دیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عدم اطمینان عمران خان کے لیے تحریک اطمینان بنے گی، اسپیکر جب چاہیں اجلاس بلائیں، عدم اطمینان پر ایم این ایز اپوزیشن کے ساتھ اپریل فول منائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تینوں جماعتیں انجمن مفاد باہمی میں اکٹھی ہوئی ہیں، ان کا مفاد باہمی ان کی اپنی ذات اور عمران کے احتساب کا خوف ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھاکہ شکر ہے اب یہ خود کہہ رہے ہیں امپائر نیوٹرل ہے، انہوں نے جب ہارنا ہے تو اس پر قائم رہنا ہے کہیں تھرڈ امپائر کا نیا کھاتا نہ کھول دیں۔

وزیراعظم کے یورپی یونین سے متعلق بیان کے سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو قوم کے سامنے خارجہ پالیسی رکھتے تھے، عمران خان نے اگر قوم کے سامنے رکھی تو کیا ہوا، ہم کسی بلاک کا حصہ نہیں، ہم سارے سپر پاور سے اچھے تعلقات رکھنا چاہتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یقین ہے ایم کیو ایم وزیراعظم کے ساتھ کھڑی ہوگی اور پیر پگارا بھی ساتھ ہوں گے، پنجاب کی سیاست پر کوئی بات نہیں کرسکتا۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس ملک میں دو دفعہ عدم اعتماد ہوئی، ارکان کو مری، چھانگا مانگا اور سوات لے جایا گیا اس وقت کوئی ڈکٹیٹر شپ نہیں ہوئی؟ اب 172 ارکان اپوزیشن لائے اگر پی ٹی آئی کا کوئی آدمی اس ووٹر کی توہین کرے گا جو اسے عمران خان کی وجہ سے ملا تو اسپیکر اس کے خلاف ایکشن لیں گے اور اسے نااہل قرار دیں گے۔

بلاول بھٹو سے متعلق وزیر داخلہ نے کہا کہ بلاول کو کچھ نہ کہیں، بلاول کو ان کے حال پر چھوڑ دیں۔

Back to top button