بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

جب تک زندہ ہوں این آر او نہیں دوں گا، جہاد کروں گا،وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ ڈاکوؤں کا گلدستہ اور چوروں کا ٹولہ ہے، یہ جتنی کوشش اور پلاننگ کرلیں میں تیار ہوں، ایک بار پھر این آر او نہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جب تک زندہ ہوں این آر او نہیں دوں گا۔

عالمی یوم نسواں کے موقع پر فاطمہ جناح یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جب تک طاقتور قانون کے نیچے نہیں آ جاتا، معاشرہ بہتر نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے بتایا کہ چین نے 450 وزیروں کو جیلوں میں ڈالا، یہاں طاقتور قانون کے نیچے نہیں آنا چاہتا این آر او مانگتا ہے، بلیک میل کرتا ہے، وہ کہتا ہے میری چوریاں معاف نہ کیں تو آپ کی حکومت گرادوں گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی تاریخ میں 5 ٹاپ کپتانوں میں تھا۔

وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں وزیر داخلہ شیخ رشید کو مخاطب کر کے مخالفین کو چیلنج کیا کہ شیخ صاحب یاد رکھیں! کپتان جب میچ کھیلتا ہے تو وہ اپنے مخالف کی ہر چیز کیلئے تیار ہوتا ہے، کپتان مخالف ٹیم کی ہر حکمت عملی پر نظر رکھتا ہے، کپتان تیار رہتا ہے کہ مخالف ٹاس جیتے گا تو کیا کروں گا، مخالف وکٹ تیز بنائے گا تو میں کونسی بولنگ کھلاؤں گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میرے مخالف، چوروں کا ٹولہ، ڈاکوؤں کا پلندہ جو بھی کرلے میں تیار ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک کا المیہ ہے، مشرف جیسے فوجی آمر نے ان کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے تھے، آپ کے سامنے جو آدمی کھڑا ہے وہ این آر او نہیں دے گا،جب تک زندہ ہوں این آر او نہیں دوں گا، جہاد کروں گا۔

مزید پڑھیے  پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ون ڈے میچ کل کھیلا جائیگا

واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے وزیراعظم کو چوروں اور منافقوں سے نہ گھبرانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان چوروں کو شکست دیں گے۔

Back to top button