بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

امریکی فوج یوکرین میں روسی فوج سے برسرپیکار نہیں ہوگی،جوبائیڈن

امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ پیوٹن کی جنگ سوچی سمجھی اور بلا اشتعال تھی، غیرقانونی حملے کے نتیجے میں پابندیوں سے روسی معیشت شدید متاثر ہوگی۔

جوبائیڈن نے پہلے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کے دوران کہا کہ یوکرین کے حملے پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے مغرب کے ردعمل کو سمجھنے میں غلطی کی، وہ مغربی اقوام کے سخت ردعمل کا درست اندازہ نہیں لگا سکے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ پیوٹن نے سفارت کاری کی کوششوں کو مسترد کیا، ان کا خیال تھا کہ مغرب اور نیٹو جواب نہیں دیں گے، روس نے سوچا تھا کہ وہ ہمیں اپنے ہی گھر میں تقسیم کر سکتا ہے، لیکن وہ غلط تھا اور ہم تیار تھے۔

انہوں نے کہا کہ پیوٹن کو دنیا میں تنہا کردیا گیا ہے، اتحادیوں کے ساتھ مل کر روس پر سخت معاشی پابندیاں لگا رہے ہیں، روس کی کرپٹ عسکری قیادت سے کہتا ہوں کہ اب وہ اربوں ڈالر نہیں بنا سکیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اعلان کرتا ہوں کہ آج سے ہم اتحادیوں کے ساتھ مل کر اپنے فضائی حدود تمام روسی پروازوں کے لیے بند کررہےہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ روس کی کرنسی پہلے ہی 30 فیصد گرچکی اور اس معاشی تباہی کے صرف اور صرف ذمہ دار پیوٹن ہیں، امریکا یوکرین میں روسی فوج سے برسرپیکار نہیں ہوگی، امریکا اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر نیٹو کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گا۔

جوبائیڈن کا کہنا تھاکہ تاریخ بتائے گی کہ پیوٹن کے اقدامات نے روس کو کمزور کیا، آج یورپ اور مغرب پہلے سے زیادہ متحدہ ہے، ہم یوکرین کے ساتھ ہیں۔

مزید پڑھیے  بلیغ الرحمان ہی گورنر پنجاب ہونگے، وزیراعظم کو صدر کو جواب
Back to top button