بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

خواتین عمران خان کے نقش قدم پر، گیس کے بل جلا ڈالے

18 گھنٹے بجلی غائب، 14 گھنٹے گیس بند، لکی مروت میں برقعہ پوش خواتین نے عمران خان کے نقش قدم پر  چلتے ہوئے گیس کے بل جلادیے، سڑک پر نکل کر احتجاج  کیا، قاضی اشفاق چوک پر دھرنا دیا اور  نعرے بازی کی۔

گیس و بجلی کی فراہمی کا مطالبہ کرتی خواتین نے  دھرنے کے دوران ہی نماز بھی ادا کی، خواتین 6 گھنٹے تک احتجاج کرتی رہیں، موجودہ وزیراعظم عمران خان جب اپوزیشن میں تھے تب انہوں نے بھی بل جلائے تھے۔

دھرنا دینے والی خواتین کا کہنا تھا کہ بل دیکھیں اور گیس کی دستیابی دیکھیں، ایک دوسرے کے بالکل الٹ، اتنا زیادہ بل اور اتنی کم گیس۔

خواتین کے احتجاج کے باعث شاہراہ پر ٹریفک جام ہوگیا۔ ضلعی انتظامیہ سے پہلے مذاکرات ناکام ہوئے بعد میں متعلقہ محکموں کے ساتھ مشترکہ مذاکرات میں یقین دہانی کرائی گئی کہ بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔

اس  یقین دہانی پر خواتین نے احتجاج ختم کردیا۔ خیال رہے کہ لکی مروت میں پہلی بار خواتین اس طرح سڑک پر احتجاج کرتی نظر آئی ہیں۔ 

Back to top button