بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

60 روز میں رکن پارلیمنٹ کا حلف لازمی قرار دینے کے آرڈیننس کیخلاف درخواست مسترد

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 60  روز میں منتخب نمائندے کا حلف لازمی قرار دینے کے صدارتی آرڈیننس کے خلاف (ن) لیگ کی درخواست مسترد کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے 9 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اس معاملے میں عدالت کا اختیار استعمال کرنا مفاد عامہ میں نہیں، توقع ہے سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ میں تنازعات حل کریں گی۔

عدالت نے کہا ہےکہ ترمیمی آرڈیننس کا مقصد ایک جمہوری اصول طے کرنا ہے اور آرڈیننس کا مقصد ہے کہ کوئی منتخب نشست خالی نا رہے جب کہ آرڈیننس کے خلاف درخواست گزار جماعت کے پاس متبادل فورم موجود ہے۔

عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہےکہ مسلم لیگ (ن) کی قومی اسمبلی اور پارلیمنٹ میں خاطرخواہ نمائندگی ہے اور  سینیٹ میں اپوزیشن جماعتیں اکثریت میں ہیں، آرڈیننس کو آئین کے مطابق پارلیمنٹ میں آنا ہی ہوتا ہے جب کہ اپوزیشن جماعتیں آرڈیننس کو پارلیمنٹ میں مسترد کرسکتی ہیں، سیاسی معاملات میں جوڈیشل برانچ کوشامل کرنا پارلیمنٹ کو کمزورکرنے کی ایک وجہ ہے، سیاسی معاملات میں مداخلت سے عدلیہ کوبھی غیرضروری تنازعات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، توقع ہے سیاسی جماعتیں عدلیہ کوغیرضروری تنازعات میں شامل کرنے سے گریزکریں گی۔

Back to top button