بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی کراچی میں شہدا کے خاندانوں سے ملاقات

 آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کو کراچی کور کی آپریشنل تیاریوں، تربیت اور انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف کو صوبے کی موجودہ اندرونی سکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو امن و امان برقرار رکھنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کی کوششوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف  نے خطے کی صورتحال کے پیش نظرہائبرڈ خطرات سے مؤثر طور پر نمٹنے  اور قومی سوچ کے ساتھ ہائبرڈ خطرات کا مل کر جواب دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف کو کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پرعملدرآمد کیلئے پاک فوج کے تعاون پر بھی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے سول انتظامیہ کو مدد دینے پر کراچی کور کو سراہا جبکہ آرمی چیف نے کے ٹی پی کے اہم منصوبوں پر بروقت اور مؤثرکارروائی یقینی بنانے کی تعریف کی۔

دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے زندگی ٹرسٹ کے خاتون پاکستان گورنمنٹ گرلز اسکول کراچی کا بھی دورہ کیا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بہترین سہولتوں اور اعلیٰ تعلیمی معیار پر اسکول انتظامیہ کو سراہا۔

اُدھر آرمی چیف نے پاک فوج، سندھ رینجرز، پولیس، اے این ایف اور  خفیہ اداروں سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا کے خاندانوں سے بھی ملاقات کی۔

 آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ آرمی چیف شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کچھ دیر رہے اور ان کا احوال جانا جبکہ انہوں نے شہدا کے خاندانوں کی بہبود کیلئے  تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔

Back to top button