بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

والدہ نے کہہ دیا تھا بیٹا آج تم سنچری بنائو گے، فواد عالم

خوش قسمت ہوں کہ مشکل وقت میں میرے اہلخانہ نے ہمیشہ مجھے حوصلہ دیا، والد ہمیشہ کہتے تھے کہ لگے رہو تمہارا وقت ضرور آئے گا

جمیکا ٹیسٹ میں شاندار سنچری اسکور کرنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین فواد عالم کا کہنا ہے کہ والدہ نے میچ سے پہلے کہا تھا کہ آج تم سینچری بناؤ گے، اللّٰہ جب دیتا ہے چھپڑ پھاڑ کر دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی سنچری اپنے والدین کے نام کرتا ہوں، میچ سے پہلے والدہ سے فون پر بات ہوئی تھی، والد کی بھی خواہش تھی کہ ویسٹ انڈیز میں سنچری اسکور کروں، ماں کی دعا ساتھ ہو تو ہر مشکل آسان ہوجاتی ہے۔

فواد عالم نے کہا کہ ہمیشہ اپنے والد سے متاثر ہوا ہوں، زندگی میں اونچ نیچ چلتی رہتی ہے مگر میرے والد نے ہمیشہ حوصلہ بڑھایا، خوش قسمت ہوں کہ مشکل وقت میں میرے اہلخانہ نے ہمیشہ مجھے حوصلہ دیا، والد ہمیشہ کہتے تھے کہ لگے رہو تمہارا وقت ضرور آئے گا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں سنچری بنانے پر فواد عالم کا کہناہے جمیکا کی  وکٹ آسان تھی نہ موسم، میچ کے پہلے روز گرمی اور حبس بہت زیادہ تھا، ٹیسٹ کے چوتھے دن ویسٹ انڈیز کو کم سے کم رنز پر آؤٹ کردیا تو میچ جیتنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ مختلف ممالک میں سنچریاں بنانے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، اللہ جب دیتا ہے چھپڑ پھاڑ کر دیتا ہے۔

فواد عالم نے سنچری اسکور کرنے پر اپنے مخصوص جشن کے اسٹائل کے حوالے سے کہا کہ یہ  اسٹائل ترکش ڈرامہ ارطغرل غازی سے متاثر ہوکر اپنایا ہے، اس اسٹائل کو اظہر علی کے ساتھ طے کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اظہر علی اور میں نے سنچری بنانے پر یہ اسٹائل اپنانے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔

Back to top button