کشمیر پریمیئر لیگ سے ایل او سی کے اس پار اچھا پیغام جائیگا، چیف جسٹس آزاد کشمیر
جس آزادی کے ساتھ یہاں کے پی ایل جاری ہے اسکا مقبوضہ کشمیر میں تصور بھی نہیں کیا جا سکتا اور یہ بات ثابت ہے کے کشمیر پاکستان ایک ہیں
چیف جسٹس آزاد جموں کشمیر سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا ہے کہ کشمیر پریمئر لیگ ایک تاریخی ایونٹ ہے اس سے لائن آف کنٹرول کے اس پار اچھا پیغام جائے گا انشاء اللہ وہ دن بھی دور نہیں جب سرینگر اور جموں میں بھی کے پی ایل کروائیں گے جس آزادی کے ساتھ یہاں کے پی ایل جاری ہے اسکا مقبوضہ کشمیر میں تصور بھی نہیں کیا جا سکتا اور یہ بات ثابت ہے کے کشمیر پاکستان ایک ہیں
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے پی ایل کے سی ای او شہزاد اختر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس خواجہ نسیم احمد اور جسٹس رضا علی خان بھی موجود تھے چیف جسٹس نے مزید کہا کہ حکومت کو ایسے مثبت پروگرام کے حوالے سے مکمل تعاون فراہم کرنا چاہیے انہوں نے کے پی ایل کے سی ای او شہزاد اختر کو تاریخی ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا یہ صحت مند سرگرمی ہے اور نوجوانوں کا جوش و خروش دیدنی ہے ایک اچھے پروگرام کی وجہ سے آج پوری سپریم کورٹ یہاں موجود ہے
انہوں کہا کہ یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے اور اس ایونٹ کے لیے حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر کو بھرپور تعاون کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ ایک طرف یہ خوبصورت پروگرام ہو رہا ہے اور دوسری جانب پاکستان کا یوم آزادی ہے اور اس وقت یہ ایونٹ 30 ممالک میں براہ راست دیکھا جا رہا ہے جس سے مسلہ کشمیر کو بھی تقویت حاصل ہوگی انہوں نے کہا کہ کشمیری ایک بہادر اور جنگجو قوم ہے جسے بھارت زیادہ عرصہ تک محکوم نہیں رکھ سکتا آزاد کشمیر ایک آزاد خطہ ہے جہاں نہ صرف ھم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں بلکہ آزادی سے دنیا بھر کے کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ کا میلہ لگا کر کھیل رہے ہیں انہوں نے اس موقع پر پوری پاکستانی قوم کو یوم آزادی پر مبارکباد بھی دی