بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں،آرمی چیف

افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے ، افغان تنازع میں پاکستان کا کوئی فیورٹ نہیں،ہماری واحد خواہش افغانستان میں امن و استحکام ہے

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جرمنی ،اٹلی ، ہالینڈ اور فرانس کے سفیروں نے ملاقات کی اور افغانستان کی تازہ ترین صورت حال اور یورپی یونین کے ساتھ تعاون پر بات چیت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یورپی ممالک کے سفیروں نے آرمی چیف سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔

آئی ایس پی آرکے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سکیورٹی صورت حال  سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے ، افغان تنازع میں پاکستان کا کوئی فیورٹ نہیں،ہماری واحد خواہش افغانستان میں امن و استحکام ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، ہم مشترکا مفاد پر مبنی یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں۔

 اس موقع پر سفیروں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے عراقی وزیرخارجہ نے بھی علیحدہ ملاقات کی، جس  میں باہمی دلچسپی کے امور ، خطے کی مجموعی سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان عراق کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراقی قوم کی قربانیوں کو بھی سراہا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ  آرمی چیف نے عراق کو ترقی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کی پیشکش کی جب کہ عراقی وزیر نے علاقائی امن و استحکام میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

مزید پڑھیے  امن، ترقی اور اسٹریٹجک استحکام کی راہ پر گامزن رہیں گے، حنا ربانی کھر
Back to top button