بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

نور مقدم قتل کیس،ملزم ظاہر جعفر کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے، آئی جی اسلام آباد

ٹھوس شواہد کی روشنی میں جلد ازجلد مکمل کیا جائے، تفتیش میں انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کیا جائے اور ملزم کو سخت سے سخت سزا دلوائی جائے،آئی جی اسلام آباد

انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس اسلام آبادقاضی جمیل الرحمان نے ہدایت کی ہے کہ نور مقدم قتل کیس کے ملزم ظاہر جعفر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالا جائے۔

آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان نے نورمقدم قتل کیس کی تفتیشی ٹیم سے ملاقات کی جس میں ڈی آئی جی آپریشنز، ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن، اےایس پی کوہسار، ایس ایچ او کوہسار اور تفتیشی ٹیم کے دیگر ممبران شریک ہوئے۔

ترجمان کے مطابق ملاقات میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے مقدمے کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔

ترجمان پولیس نے بتایا کہ آئی جی اسلام آباد نے ملزم ظاہرذاکر کا نام ای سی ایل میں شامل کرنےکیلئے ضروری قانونی کارروائی کرنے اور ملزم کا بیرون ممالک کرمنل ریکارڈ جاننےکیلئے متعلقہ اداروں سے رابطے کی ہدایت کی۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ آئی جی اسلام آباد نے وقوعہ سے حاصل کیے گئے تمام شواہد کا فارنزک کرانے کی بھی ہدایت کی اور تفتیشی ٹیم کو تھراپی ورکس سے بھی ملاقات کرنے کا کہا۔

آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھاکہ مقدمے کو ٹھوس شواہد کی روشنی میں جلد ازجلد مکمل کیا جائے،  تفتیش میں انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کیا جائے اور ملزم کو سخت سے سخت سزا دلوائی جائے۔

دوسری جانب نور مقدم کی پوسٹمارٹم رپورٹ بھی سامنے آگئی جس کے مطابق مقتولہ کے جسم پر چاقو کے متعدد گہرے زخم ہیں، تشدد کے بھی کئی نشانات پائے گئے۔ 

Back to top button