بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سابق صدر ممنون حسین سپرد خاک، نماز جنازہ مفتی تقی عثمانی نے پڑھائی

نماز جنازہ میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال سابق گورنر سندھ محمد زبیر ، پیپلز پارٹی کے وقار مہدی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نےشرکت کی


سابق صدر ممنون حسین کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور مسلم لیگ ن کے دیگر رہنماؤں سمیت مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

سابق صدر ممنون حسین علالت کے باعث گزشتہ روز کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے تھے، وہ سرطان کے عارضے میں مبتلا تھے۔

ممنون حسین کی نماز جنازہ ڈیفنس میں واقع مسجد سطان میں ادا کی گئی ، ان کی نماز جنازہ مفتی تقی عثمانی نے پڑھائی، نماز جنازہ میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال سابق گورنر سندھ محمد زبیر ، پیپلز پارٹی کے وقار مہدی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نےشرکت کی۔

سابق صدر ممنون حسین کو ڈیفنس فیز 8 کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

ممنون حسین کا شمار مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماؤں میں ہوتا تھا، وہ 1999 میں سندھ کے گورنر رہے جب کہ 2013 سے 2018 تک صدر مملکت رہے۔

ممنون حسین 23 دسمبر 1940 کو ہندوستان کے شہر آگرہ میں پیدا ہوئے ،ان کا خاندان 1947 میں ہجرت کر کے پاکستان آیا، ممنون حسین نے جامعہ کراچی سے گریجویشن اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن سے ماسٹرز کیا، 60 کی دہائی میں کراچی میں کاروبار کا آغاز کیا اور بعد میں سیاست میں آگئے۔

ممنون حسین کی عمر 81 برس تھی اور انہوں نے سوگواروں میں بیوہ اور تین بیٹے چھوڑے ہیں۔

Back to top button