بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

ہیٹی کے صدر کو گھر میں قتل کردیا گیا

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ اس حملے میں خاتون اول بھی زخمی ہوئی ہیں جو اسپتال میں زیرعلاج ہیں

ہیٹی کے صدر کو ان کے گھر میں گھس کر قتل کردیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہیٹی کے صدر جووینل موئز کو رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے ان کی رہائش گاہ میں گھس کر قتل کیا ہے جب کہ ہیٹی کے عبوری وزیراعظم نے صدر کو قتل کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔

ہیٹی کے عبوری وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ 7 جولائی کی رات ایک بجے کے قریب نامعلوم افراد کا ایک گروپ صدر کے گھر میں داخل ہوا، اس گروپ میں کچھ افراد ہسپانوی زبان بول رہے تھے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ اس حملے میں خاتون اول بھی زخمی ہوئی ہیں جو اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں عبوری وزیراعظم کلوڈ جوزف نے خود کو ملک کا سربراہ قرار دیا ہے۔

عبوری وزیراعظم نے صدر کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیر انسانی اور بربریت قرار دیا۔

Back to top button