بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ٹیسٹ ٹیموں کی عالمی درجہ بندی،جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیخلاف جیت کے باوجود پاکستان کی پانچویں پوزیشن برقرار

اعلان کے مطابق بھارت کی ٹیم بدستور پہلی اور نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسری پوزیشن پر موجود ہے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیسٹ ٹیموں کی سالانہ عالمی درجہ بندی کا اعلان کردیا ہے،اعلان کے مطابق بھارت کی ٹیم بدستور پہلی اور نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسری پوزیشن پر موجود ہے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم نے آسڑیلیا کو نیچے دھکیل کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے، ادھر ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی دو درجے بہتری کے بعد چھٹی پوزیشن پر آگئی ہے جبکہ پاکستان کی ٹیم اپنی پانچویں پوزیشن پر برقرار ہے

بھارت کی ٹیم جو پہلی پوزیشن پر موجود ہے اسے دوسری پوزیشن پر موجود نیوزی لینڈ پر صرف ایک پوائنٹ کی سبقت حاصل ہے اور دونوں ٹیموں نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جو اٹھارہ جون سے شروع ہوگا میں ایک دوسرے کا مقابلہ کرنا ہے، ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی دو درجے بہتری اس کی بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں دو صفر سے جیت اور سری لنکا کیخلاف سیریز ڈرا کرنے کے نتیجے میں ہوئی ہے اور یہ ویسٹ انڈیز کی 2013 کے بعد بہترین پوزیشن ہے

پاکستان کی ٹیم جس نے حال ہی میں زمبابوے کیخلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو صفر سے کامیابی حاصل کی تھی اور ا س سے قبل ہوم گرائونڈ پر جنوبی افریقہ کو دو صفر سے شکست دی تھی اپنی پانچویں پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہی ہے، جنوبی افریقہ کی ٹیم جو اس وقت ساتویں پوزیشن پر پہنچ چکی ہے کی یہ پوزیشن اس کی کرکٹ کی تاریخ کی بدترین پوزیشن ہے اب اس سے نیچے سری لنکا، بنگلہ دیش اور زمبابوے کی ٹیمیں ہی رہ گئی ہیں۔

Back to top button