بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

وزیراعظم شہباز شریف کا پیٹرول کی قیمت میں 80 روپے کی کمی کا اعلان

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوام کے لیے ایک بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 80 روپے کمی کر دی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 378 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

قوم سے ٹیلی وژن پر خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ پیٹرول کی یہ نئی کم شدہ قیمت ایک ماہ تک برقرار رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر معاشی چیلنجز کے دوران عوام کی مدد کے لیے زیادہ سے زیادہ وسائل بروئے کار لائیں گی۔

وزیراعظم نے ٹرانسپورٹ کے شعبے کیلئے بھی ٹارگٹڈ سبسڈی کا اعلان کیا، جس کے تحت موٹر سائیکل سواروں کو 100 روپے فی لیٹر، چھوٹے ٹرکوں کے لیے 70 ہزار روپے جبکہ بڑے ٹرکوں کے لیے 80 ہزار روپے اور مسافر بسوں کے لیے ایک لاکھ روپے ماہانہ اعانت دی جائے گی۔

محمد شہباز شریف نے اعلان کیا کہ وفاقی کابینہ کے تمام ارکان آئندہ چھ ماہ تک اپنی تنخواہیں نہیں لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے پاکستان کو متاثر کیا ہے اور اس کا سب سے زیادہ اثر غریب عوام پر پڑا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کسانوں کے لیے مشکلات پیدا ہو گئی ہیں اور عام آدمی کو متعدد چیلنجوں کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ بخوبی جانتے ہیں کہ عام آدمی اپنے خاندان اور بچوں کی خاطر روزی کمانے کے لیے کس قدر تگ و دو کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پہلے ہی تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے عوام کو بچانے کے لیے 129 ارب روپے خرچ کر چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر جنگ کے آغاز کے بعد سے خطے میں امن کی بحالی کے لیے دن رات خلوص نیت سے کام کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں سے متعلق فیصلہ وسیع تر قومی مشاورت کے بعد کیا گیا۔

انہوں نے صدرِ آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پوری قومی قیادت کی رہنمائی کی۔

محمد شہباز شریف نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ ریلوے کی اکانومی کلاس کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے صوبائی وزرائے اعلیٰ، مریم نواز شریف، مراد علی شاہ، سہیل آفریدی اور میر سرفراز بگٹی کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے قومی نصب العین کے لیے صوبائی وسائل فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button