بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز نصب کیے جائیں گے: احد چیمہ

وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احد چیمہ نے کہا ہے کہ بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز نصب کیے جائیں گے۔

وہ آج اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیر نے کہا کہ ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز کی تنصیب سے نہ صرف بجلی چوری کی روک تھام اور بلنگ کے نظام میں درستگی آئے گی بلکہ صارفین کو زائد بلنگ سے بھی تحفظ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے صارفین، سرمایہ کاروں اور حکومت کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

اجلاس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ترقیاتی پروگراموں کا جائزہ لیا گیا، جبکہ تمام ڈسکوز کے ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کے لیے فنڈز کے انتظام سے متعلق اقتصادی امور ڈویژن کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈسکوز کی نجکاری مکمل ہونے تک ترقیاتی پروگراموں کے لیے کثیرالجہتی شراکت داروں کے ساتھ مذاکرات جاری رہیں گے۔ اگر مذاکرات یا پروگرام کی تیاری کے دوران کسی ڈسکو کی نجکاری ہو جاتی ہے تو طے شدہ شرائط کے مطابق متعلقہ مالی معاونت اور ترقیاتی پروگرام نجی سرمایہ کار کو منتقل کر دیے جائیں گے۔

احد چیمہ نے مزید زور دیا کہ بجلی کی کسی بھی تقسیم کار کمپنی میں نجی سرمایہ کار کی جانب سے شروع کیے جانے والے نئے منصوبے کے لیے مسابقتی بولی کا عمل اختیار کیا جائے اور جہاں ضروری ہو، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے منظوری حاصل کی جائے۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ نجکاری کا مقصد صارفین پر اضافی اخراجات یا غیر ضروری بوجھ منتقل کرنا نہیں ہے۔ حکومت صارفین کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے نجکاری کے عمل میں سہولت فراہم کرے گی اور سرمایہ کاروں کی مالی و معاہداتی ذمہ داریوں پر عمل درآمد بھی یقینی بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button