
عبدالعلیم خان کا موسمیاتی تبدیلیوں سے محفوظ لاجسٹکس انفراسٹرکچر تعمیر کرنے کے عزم کا اظہار
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے عالمی سپلائی چینز سے کاربن کے اخراج میں کمی لانے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ لاجسٹکس انفراسٹرکچر تعمیر کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وہ ترکیہ کے شہر انطالیہ میں جاری کوپ 31 (COP31) کے موقع پر گلوبل گرین فریٹ کوریڈورز انیشی ایٹو کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے وزارتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بین الاقوامی مال برداری عالمی تجارت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، تاہم یہ شعبہ ٹرانسپورٹ سے متعلق گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں تیزی سے اضافے کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ گلوبل گرین فریٹ کوریڈورز انیشی ایٹو کا آغاز اس بات کا ثبوت ہے کہ پائیدار لاجسٹکس ہی مستقبل کے لیے قابلِ عمل راستہ ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان عالمی سپلائی چینز کو ماحول دوست بنانے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔















