
حکومت معاشی ترقی کے لیے شعبہ جاتی اصلاحات پر عمل پیرا ہے، احد چیمہ
وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت معاشی ترقی کے فروغ کے لیے مختلف شعبوں میں اصلاحات اور مؤثر پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔
وہ اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے، جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کی جانب سے زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر اہم شعبوں کو مضبوط بنانے کے لیے مقرر کردہ ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
احد چیمہ نے کہا کہ حکومت ترقیاتی شراکت داروں اور کثیرالجہتی اداروں کو تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مکمل معاونت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں استعداد کار بڑھانے اور اصلاحات کے لیے برطانیہ کے دفتر خارجہ، دولت مشترکہ و ترقیاتی امور (ایف سی ڈی او) کے تعاون کو سراہا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایف سی ڈی او حکومت کی جاری اصلاحاتی کوششوں میں وزیراعظم آفس کے ساتھ قریبی رابطے میں کام کر رہا ہے، اور انہوں نے اس عمل میں ادارے کی شمولیت کو قابلِ قدر قرار دیا۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستان کی حکومت کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے معیشت کی بہتری کے لیے حکومتی کوششوں کو سراہتے ہوئے مختلف شعبوں میں جاری اصلاحات کا اعتراف کیا۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے مشترکہ مفادات کے شعبوں میں قریبی رابطے برقرار رکھنے اور تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس کے علاوہ پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات، استعداد کار میں اضافے اور اصلاحاتی اقدامات کے حوالے سے مسلسل تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔















