
قیصر احمد شیخ کا پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تجارتی تعلقات مضبوط بنانے پر زور
وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔
کراچی میں پہلی افریقہ ڈپلومیٹک اینڈ اکنامک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کو افریقہ، وسطی ایشیا اور مغربی ایشیا کی بڑی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کر رہی ہے، جس کا مقصد سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنانا ہے۔
کانفرنس میں پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے پر توجہ دی گئی۔ اس موقع پر جنوبی افریقہ، مراکش، روانڈا، صومالیہ، سوڈان، زمبابوے، موزمبیق، ایتھوپیا اور کوٹ ڈی آئیوری کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔















