
سکیورٹی فورسز نے ضلع کرم میں بارہ خوارج کو ہلاک کردیا
سکیورٹی فورسز نے ضلع کرم میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران بارہ خوارج اور افغان طالبان کو ہلاک کر دیا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بین الاقوامی سرحد پر افغانستان سے خوارج کے ایک گروہ کی دراندازی کی کوشش کا سراغ لگا کر اسے ناکام بنا دیا۔ افغان طالبان
کی چوکیوں سے بھی دراندازی کی کوشش میں مدد دینے کے لیے فائرنگ کی گئی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں بارہ خوارج اور افغان طالبان ہلاک ہو گئے۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران نائب صوبیدار ہدایت امان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ واقعہ سرحد پار دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو روکنے میں افغان طالبان حکومت کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عزم استحکام وژن کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی۔















