
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سکیورٹی تعاون بڑھانے کا معاہدہ
پاکستان اور ترکیہ نے دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ اور منظم جرائم کے خلاف تعاون بڑھانے کے لیے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
یہ معاہدہ استنبول میں پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے ترک ہم منصب مصطفیٰ چفچی کے درمیان ملاقات کے دوران طے پایا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کی وزارتِ داخلہ کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
محسن نقوی نے اپنے ترک ہم منصب کو پاکستان میں غیر قانونی امیگریشن کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائیوں کے مثبت نتائج سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر ترک وزیر داخلہ مصطفیٰ چفچی نے پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے ترکیہ جانے والی غیر قانونی امیگریشن کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے، جو 70 فیصد سے کم ہو کر 17 فیصد رہ گئی ہے۔
دونوں ممالک نے تکنیکی معاونت، ماہرین کے تبادلے اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے باہمی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
ملاقات میں سائبر پولیسنگ، اینٹی نارکوٹکس فورس، نیشنل پولیس اکیڈمی اور دیگر متعلقہ شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔















