
برآمدات پر مبنی معیشت سے معاشی طاقت حاصل کی جا سکتی ہے، احسن اقبال
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی عالمی اور سفارتی کامیابیوں کو داخلی معاشی طاقت میں تبدیل کرنے کے لیے اصلاحات کا تسلسل، سیاسی استحکام، پیداواری سرمایہ کاری اور مضبوط برآمدات پر مبنی معیشت ضروری ہے۔
ستمبر 2026 کی ماہانہ ترقیاتی اپ ڈیٹ پیش کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ملک کے صنعتی شعبے میں پیداوار کی رفتار میں بہتری آ رہی ہے۔ ان کے مطابق جولائی 2026 میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ جون 2026 کے مقابلے میں جولائی میں پیداوار 9.5 فیصد بڑھی۔
انہوں نے بتایا کہ آٹو موبائلز کی پیداوار میں 57.01 فیصد، ٹرانسپورٹ آلات میں 40.22 فیصد، تمباکو میں 35.82 فیصد، ملبوسات میں 22.03 فیصد، برقی آلات میں 7.88 فیصد اور نان میٹالک منرل مصنوعات میں 4.25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ یہ کارکردگی صنعتی بنیاد کی مضبوطی کی عکاسی کرتی ہے، تاہم روایتی برآمدات پر مبنی شعبوں کی بحالی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ضروری اشیا کی قیمتوں میں اضافے کے دباؤ سے نمٹنے کے لیے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔
سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ سیاسی تنازعات کو آئینی اور جمہوری اداروں کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔















