
نائب وزیراعظم کی پاسکو کو صوبوں کو گندم فراہم کرنے کی ہدایت
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاسکو کو منظور شدہ کوٹے کے مطابق صوبوں کو فوری طور پر گندم فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد میں ملک میں گندم کے ذخائر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے صوبوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ مختص گندم کی بروقت ادائیگی اور اٹھان یقینی بنائیں۔
اجلاس میں 10 لاکھ میٹرک ٹن تک گندم درآمد کرنے کے فیصلے کا اعادہ کیا گیا، جس کے لیے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کو فوری طور پر عمل شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔
پہلے مرحلے میں 7 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کی جائے گی، جس کی ترسیل نومبر میں مقرر کی گئی ہے۔
نائب وزیراعظم نے زور دیا کہ تمام متعلقہ ادارے قریبی رابطے کے ساتھ کام جاری رکھیں تاکہ ملک بھر میں گندم کی وافر دستیابی، قیمتوں میں استحکام اور صارفین کو ریلیف یقینی بنایا جا سکے۔
اسحاق ڈار نے گندم کی درآمد سے متعلق مسائل کے حل، قیمتوں میں استحکام اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے صوبوں، وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور وزارت تجارت کے تعاون اور رابطہ کاری کو سراہا۔















