بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم کا شام کی وحدت، خودمختاری اور سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شام کی وحدت، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

وہ شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے شام کے وزیر خارجہ اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے شامی صدر احمد الشرع کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان گولان کی پہاڑیوں کے معاملے پر شام کے مؤقف کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے پاکستان اور شام کے درمیان تاریخی اور کثیرالجہتی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دیرینہ دوستی کو سیاست، دفاع، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں مزید تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی سے عوامی روابط میں اضافہ ہوگا اور پاکستان سے شام کے مذہبی مقامات کی زیارت کے لیے جانے والے زائرین کو بھی سہولت ملے گی۔

وزیراعظم نے شامی صدر احمد الشرع کو باہمی سہولت کے مطابق پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

شامی وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو صدر احمد الشرع کی جانب سے تہنیتی پیغام پہنچایا اور شام میں جاری سیاسی منتقلی اور تعمیرِ نو کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے گزشتہ برسوں کے دوران شام کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ روابط کو مزید فعال بنانے میں اپنی حکومت کی دلچسپی کا اظہار کیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ سفیر امنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button