
وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلوں پر عملدرآمد کی نگرانی کا مؤثر نظام بنایا جائے، صدر مملکت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلوں اور سفارشات پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے مؤثر نظام بنانے کی ہدایت کی ہے۔
صدر مملکت نے یہ بات وفاقی ٹیکس محتسب ظفر الحق حجازی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جنہوں نے آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ شکایت کنندگان کو فراہم کیا جانے والا ریلیف بامعنی اور مؤثر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب وفاقی ٹیکس قوانین کے نفاذ میں بدانتظامی کے باعث ہونے والی ناانصافی کے ازالے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
صدر مملکت نے شکایات کے فوری ازالے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے ذرائع کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے پر بھی زور دیا۔
ملاقات میں صدر مملکت کو بتایا گیا کہ 2025 میں وفاقی ٹیکس محتسب کے پاس 37 ہزار 160 نئی شکایات درج ہوئیں، جبکہ 35 ہزار 830 شکایات اور کیسز نمٹا دیے گئے۔ 13 ارب روپے سے زائد کے ریفنڈ کلیمز کے فیصلے بھی کیے گئے، جبکہ ایف بی آر نے متاثرہ ٹیکس دہندگان کو واجب الادا رقم ادا کی۔
وفاقی ٹیکس محتسب ظفر الحق حجازی نے صدر مملکت کو سالانہ رپورٹ 2025 بھی پیش کی۔















