
اسحاق ڈار کی سفارتکاروں کو ہمدردی کے ساتھ پاکستان کی خدمت کی ہدایت
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں فارن سروس اکیڈمی کی تزئین و آرائش شدہ عمارت کے فیز ون کا افتتاح کردیا۔
اس سے قبل اکیڈمی میں 45ویں اسپیشلائزڈ ڈپلومیٹک کورس کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے تزئین و آرائش کے منصوبے کے لیے فراخدلانہ تعاون اور فنڈنگ پر حکومتِ چین کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اسے پاکستان اور چین کے درمیان قریبی اور دیرپا دوستی کا ایک اور مظہر قرار دیا۔
نائب وزیراعظم نے پاکستانی سفارتکاروں کی تربیت میں فارن سروس اکیڈمی کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی نے پاکستان کی فارن سروس کی تربیت کے علاوہ 122 ممالک کے 1600 سے زائد سفارتکاروں کو بھی تربیت فراہم کی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ سیاسی، اقتصادی، تکنیکی، تعلیمی اور عوامی سطح پر پاکستان کے مفادات کے فروغ کے لیے علم، درست فیصلہ سازی اور کردار انتہائی اہم ہیں۔
انہوں نے گریجویشن مکمل کرنے والے افسران پر زور دیا کہ وہ پیشہ ورانہ مہارت، دیانتداری اور ہمدردی کے ساتھ پاکستان کی خدمت کریں اور اپنے فرائض کی انجام دہی میں ملکی مفادات کو ہمیشہ مقدم رکھیں۔
نائب وزیراعظم نے تربیت کامیابی سے مکمل کرنے والے افسران میں میڈلز اور اسناد بھی تقسیم کیں اور انہیں مبارکباد دی۔















