
بھارتی میڈیا نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے کو اہم قرار دے دیا
بھارتی میڈیا نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے کو پاکستان کے لیے ایک اہم دفاعی پیش رفت قرار دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون پاکستان کے لیے نمایاں دفاعی فوائد کا باعث بن سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا ادارے انڈیا ٹوڈے کے مطابق دفاعی انضمام، مشترکہ فوجی مشقیں اور ٹیکنالوجی کی منتقلی پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کر سکتی ہے۔
انڈیا ٹوڈے نے رپورٹ کیا کہ انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ اور مشترکہ دفاعی پیداوار پاکستان کی جنگی تیاریوں کو مزید مضبوط بنا سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دفاعی معاہدے کے نتیجے میں پاکستان کو ترکیہ کی جدید ڈرون ٹیکنالوجی اور الیکٹرانک وارفیئر کی صلاحیتوں تک رسائی بھی حاصل ہو سکتی ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق ترکیہ کی ٹیکنالوجی، سعودی عرب کے وسائل اور پاکستان کی آپریشنل صلاحیتیں مل کر ایک مؤثر دفاعی امتزاج تشکیل دے سکتی ہیں۔
ماہرین نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان بڑھتا ہوا دفاعی تعاون بھارت کے لیے ایک چیلنج بن کر سامنے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے اس معاہدے کے دفاعی فوائد کا اعتراف اس کی تزویراتی اہمیت کی نشاندہی کرتا ہے۔















