
پاکستان اور آسٹریلیا کا دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
پاکستان اور آسٹریلیا نے اس بات پر زور دیا ہے کہ پائیدار امن، استحکام اور سلامتی کے قیام کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور بین الاقوامی قوانین کا احترام ناگزیر ہے۔
یہ اتفاق رائے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں آسیان ریجنل فورم 2026 کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور آسٹریلیا کی وزیر خارجہ سینیٹر پینی وونگ کے درمیان ملاقات میں سامنے آیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آسٹریلیا کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور اعلیٰ سطح کے باقاعدہ روابط کے ذریعے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور خطے میں حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔
آسٹریلیا کی وزیر خارجہ سینیٹر پینی وونگ نے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔















