
نیا یومیہ پیٹرولیم قیمتوں کا نظام سات روزہ رولنگ اوسط کی بنیاد پر ہوگا، علی پرویز ملک
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (PPDA) نے حکومت کی جانب سے یومیہ بنیادوں پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے نئے نظام کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
اس بات کا اظہار وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔
وفد نے آبنائے ہرمز کے بحران کے دوران ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے پر حکومت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ایسوسی ایشن کے چیف ایڈوائزر ملک خدا بخش نے کہا کہ خطے میں ایندھن کی قلت کے باوجود حکومت نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل فراہمی برقرار رکھی۔
اس موقع پر وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ نیا یومیہ پیٹرولیم قیمتوں کا نظام سات روزہ رولنگ اوسط (Seven-Day Rolling Average) کی بنیاد پر ہوگا، جبکہ سابقہ ہفتہ وار نظام بھی سات روزہ اوسط پر ہی مبنی تھا۔
انہوں نے کہا کہ یومیہ قیمتوں کے تعین سے شفافیت میں اضافہ ہوگا، مارکیٹ میں بے ضابطگیوں کی حوصلہ شکنی ہوگی اور ذخیرہ اندوزی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
وفد نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم ڈیلرز کو ڈیلرز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے متعلق قواعد و ضوابط کی تیاری میں بھی شامل کیا جائے۔ وزیر پیٹرولیم نے یقین دہانی کرائی کہ ریگولیٹری فریم ورک کی تیاری میں ڈیلرز کی تجاویز کو شامل کیا جائے گا۔
وفد نے ڈیلرز کے مارجن میں اضافہ کر کے اسے آٹھ فیصد کرنے کا مطالبہ بھی کیا، جس پر علی پرویز ملک نے کہا کہ اس مطالبے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں پی پی ڈی اے اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے درمیان کل ایک اجلاس بھی طے کیا گیا ہے، جس میں ڈیلرز کے مارجن اور دیگر متعلقہ امور پر بات چیت ہوگی۔
وزیر پیٹرولیم نے حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت پر پی پی ڈی اے کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت شفاف، مسابقتی اور صارف دوست پیٹرولیم مارکیٹ کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔















