بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

تنویراحسین کی چینی سرمایہ کاروں کو گوشت کی صنعت میں سرمایہ کاری کی دعوت

وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے چین کو گوشت کی برآمدات بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ سلاٹر ہاؤسز کے قیام میں چینی سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔

انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں چینی وفد کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں لائیو اسٹاک کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے، بالخصوص چین کو پاکستان کی گوشت کی برآمدات میں اضافے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چینی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو وسیع پیمانے پر مویشیوں کی تعداد، اسٹریٹجک جغرافیائی محل وقوع اور معیاری حلال گوشت کی پیداوار کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کے باعث لائیو اسٹاک کے شعبے میں بے پناہ مواقع حاصل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جدید سلاٹرنگ اور گوشت پراسیسنگ کے انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری سے نہ صرف پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، ویلیو ایڈیشن میں بہتری آئے گی، خوراک کے حفاظتی معیار مضبوط ہوں گے اور کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت پاکستان زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار کاروباری ماحول، پالیسی معاونت اور ادارہ جاتی تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین دنیا کے بڑے گوشت صارفین اور درآمد کنندگان میں شامل ہے، جو پاکستان کے لیے اپنی برآمدی منڈی کو وسعت دینے کا ایک بڑا موقع ہے۔

چینی وفد نے پاکستان کے لائیو اسٹاک کے شعبے کی صلاحیت کو سراہتے ہوئے گوشت پراسیسنگ، ٹیکنالوجی کی منتقلی، معیار کی یقین دہانی اور برآمدی انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

دونوں فریقین نے تکنیکی تعاون بڑھانے، کاروباری اداروں کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینے اور چینی مارکیٹ میں گوشت کی برآمدات بڑھانے کے لیے ضابطہ جاتی اور حفظانِ صحت سے متعلق تقاضوں کو پورا کرنے پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اشتہار

یہ بھی پڑھیے

Back to top button