بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

او آئی سی خواتین کانفرنس کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز ہے: اعظم نذیر تارڑ

وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی خواتین سے متعلق 9ویں وزارتی کانفرنس کی میزبانی پاکستان کے لیے ایک منفرد اعزاز ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اس اعلیٰ سطحی فورم کو خواتین کو بااختیار بنانے اور ایک جامع و مساوی معاشرے کے قیام کے لیے حکومت کے اقدامات اجاگر کرنے کے لیے استعمال کرے گا۔

اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ کانفرنس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ سمیت خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا موضوع "او آئی سی ممالک میں خواتین کا سماجی، معاشی اور سیاسی بااختیار بنانا: چیلنجز اور آگے کا لائحہ عمل” ہے۔

وفاقی وزیر قانون نے اعلان کیا کہ کانفرنس کے اختتام پر "اسلام آباد ڈیکلریشن” منظور کی جائے گی۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے کہ آئندہ دو برس تک او آئی سی خواتین وزارتی کانفرنس کی سربراہی پاکستان کے پاس ہوگی، اور پاکستان اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں او آئی سی کے 57 رکن ممالک کے نمائندے شریک ہیں، جبکہ مختلف تکنیکی ورکنگ گروپس بھی اجلاس کا حصہ ہیں۔

ان کے مطابق آج کانفرنس کے تکنیکی اجلاس جاری ہیں، جبکہ مرکزی وزارتی اجلاس کل منعقد ہوگا۔

اعظم نذیر تارڑ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انہیں مزید بااختیار بنانے کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

اشتہار

یہ بھی پڑھیے

Back to top button