
آپریشن شعبان جاری، بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 9 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شعبان کامیابی سے جاری ہے، جس کے دوران پاکستان آرمی، فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان اور پولیس مشترکہ کارروائیاں کر رہی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق تازہ کارروائیوں میں 9 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور دور دراز مقامات پر چھپے دہشت گردوں کو زمینی اور فضائی کارروائیوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
حکام کے مطابق حالیہ کارروائیوں کے بعد آپریشن شعبان کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 52 ہو گئی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کے دوران مجموعی طور پر 88 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
حکام کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا خاتمہ، بلوچستان میں امن و امان کی بحالی اور سکیورٹی کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔















